دہر کو پانا ہے کھونے کی طرح
| دہر کو پانا ہے کھونے کی طرح |
| جاگنا بھی یاں ہے سونے کی طرح |
| ایک ہونا ہے‘ نہ ہونے کی نظیر |
| ایک نہ ہونا ہے‘ ہونے کی طرح |
| ہاتھ جو آئے‘ وہ مٹی کی مثال |
| جو نہ مل پائے‘ وہ سونے کی طرح |
| دکھ میں رونا تو ہے رونا ہی مگر |
| سکھ میں ہنسنا بھی ہے رونے کی طرح |
| زندگی ہے لطف کا ساماں مگر |
| جی رہے ہیں بوجھ ڈھونے کی طرح |