کرنی ہے تو کر لو ورنہ معاف کرو
| کرنی ہے تو کر لو ورنہ معاف کرو |
| میں تو نہیں کہتا کہ مجھ سے بات کرو |
| اُس سے ہفتے دو ہفتے میں مل آؤ |
| کس نے کہا ہے پابوسی دن رات کرو |
| عامل بابا پہلے اپنا جن پکڑو |
| بعد میں قابو اوروں کے جنات کرو |
| ہمت ہے تو ہم سخنِ منصور بنو |
| حوصلہ ہے تو پیرویِ سقراط کرو |
| کس نے کیا ہے؟ کس پہ کیا ہے؟ ہوش نہ ہو |
| کرنے ہوں تو ایسے احسانات کرو |
| بات وہ کیا ہے جس میں ہو اندازِ غیر |
| کرنی ہو تو اپنے ڈھب کی بات کرو |
| آنسو دیکھ کے بھی تم ہنستے رہتے ہو |
| کچھ تو ہماری توقیرِ جذبات کرو |